منگل، 15 جولائی، 2014

‘چار حلقوں میں دوبارہ گنتی سے آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا

سابق صدر آصف علی زرداری۔ فائل فوٹو
اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کی جانب سے چار حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کے مطالبے پر حکومتی عدم دلچسپی پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مطالبہ مان لینے سے آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا۔
ترجمان اور سینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں سابق صدر نے کہا کہ جن جگہوں پر شکایات ہیں ان حلقوں میں دوبارہ گنتی کرائی جانی چاہیے، چاہے وہ حلقے پنجاب میں ہوں، سندھ میں یا کہیں اور۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر گزشتہ سال انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی تو نواز شریف کو گنتی کرانے میں کوئی ڈر و خوف نہیں ہونا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ آصف زرداری لاہور کے چار حلقوں میں دوبارہ گنتی کرانے کے مطالبے پر بڑھتے تنازع پر انتہائی دکھی ہیں اور حیران ہیں کہ وزیر اعظم اس معاملے پر اتنا ابہام کا شکار کیوں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو چار کے بجائے چالیس حلقوں میں دوبارہ گنتی کرائی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے نواز شریف کو بادشاہ نہیں بلکہ ملک کے وزیر اعظم کی حیثیت سے منتخب کیا ہے جو دیگر صوبوں کے معاملات میں مداخلت کرے۔
بیان میں آصف زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور جمہوری عمل کی بقا کے لیے انتخابی نتائج قبول کیے لیکن ہم لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ صنعتی شعبے اور شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ اور پانی کی کمی کا عذاب جھیلنے والے عوام کو نہیں چھوڑ سکتے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں