اتوار، 13 جولائی، 2014

موٹاپے کو دعوت دینے والی 7 عادتیں



نیویارک: موٹاپا صرف زیادہ کھانے پینے سے نہیں بلکہ عادات و مشغلے کے باعث بھی ہمیں شکار بنالیتا ہے۔ بظاہر بے ضرر مگر درحقیقت جسمانی وزن بڑھانے کی ذمے دار یہ عادات ہوسکتا ہے کہ آپ کو معلوم نہ ہو مگر یہ کسی کو بھی موٹاپے کا شکار کرکے مختلف امراض میں مبتلا کرسکتی ہیں۔

________________________________________

کولڈ ڈرنکس کا استعمال معمول بنالینا

کیا آپ روزانہ ایک یا 2 کین کولڈ ڈرنکس استعمال کیے بغیر نہیں رہ سکتے؟ اگر ہاں تو جان لیں کہ موٹاپا آپ سے زیادہ دور نہیں۔ مختلف تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ روزانہ ایک یا 2 کولڈ ڈرنکس کا استعمال موٹاپے کی رفتار کو 5 گنا تیز کردیتا ہے، جس کی وجہ ان مشروبات میں چینی کا زیادہ استعمال ہے، جو آپ کے اندر زیادہ کھانے کی خواہش بھی جگاتا ہے اور آپ معمول سے زیادہ کیلوریز لینے لگتے ہیں۔

________________________________________

بڑی پلیٹ کا استعمال

دوپہر ہو یا رات کھانے کے وقت آپ کی پلیٹ کا حجم بہت معنی رکھتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ بڑی پلیٹوں کو ترجیح دیتے ہیں وہ کھاتے بھی زیادہ ہیں اور یہ جسمانی ضروریات سے بھی زیادہ ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں اضافی خوراک چربی بن کر جسم میں جمع ہو جاتی ہے اور توند نکل آتی ہے۔

________________________________________

رات کو دیر سے کھانا

اگر سونے سے قبل آپ کا پیٹ بھرا ہوا ہو تو نظام ہاضمہ صحیح کام نہیں کرپاتا، جو پیٹ کو بڑھانے کا سبب بنتا ہے، دیر سے کھانا اور بھرے پیٹ کے ساتھ سونا تیزابیت اور کھانا ہضم نہ ہونے جیسی شکایات کا سبب بنتا ہے۔

________________________________________

غصے، اداسی یا مایوسی کے عالم میں کھانا

شدید جذباتی کیفیت کے دوران کھانے سے ذہنی حالت تو بہتر نہیں ہوتی بلکہ یہ توند میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔

________________________________________

کم چربی والی غذاں کا اکثر استعمال

اکثر افراد کا خیال ہے کہ زیادہ چربی والی غذا توند یا کمر بڑھانے کا سبب بنتی ہے، مگر حقیقت تو یہ ہے کہ چربی یا فیٹ آپ کے لیے بری نہیں، بلکہ بہت زیادہ کم چربی والی غذا ضرور موٹاپے کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ اس میں چینی کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے اور جتنی بھی چینی استعمال کریں گے پیٹ میں چربی بڑھنے کا امکان اتنا ہی زیادہ ہوگا۔

________________________________________

نیند کی کمی

بالغ افراد کو ہر رات 7 سے 9 گھنٹے نیند کی ضرورت ہوتی ہے، اور اگر آپ نیند کی کمی کا شکار ہوجائیں تو جسم میں ایک ہارمون کورٹیسول کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث میٹھی چیزوں کی خواہش بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے، تو نیند کی کمی درحقیقت آپ کو موٹاپے کی سرحد تک پہنچانے کا سبب بنتی ہے۔

________________________________________

اپنی غذا میں زیادہ پروٹین کا استعمال نہ کرنا

غذا میں پروٹین کی مقدار نظام ہاضمہ کو درست رکھتی ہے جبکہ کھانے کی خواہش کو بھی قابو میں رکھتی ہے، تو آپ قدرتی طور پر متوازن جسامت کے مالک رہتے ہیں، مگر اس کے برعکس ہو تو نتیجہ صاف ظاہر ہے یعنی توند۔۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں